نئی دہلی، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے آج کہا کہ وہ ریس کورس روڈ کا نام تبدیل کرکے ایکاتما مارگ رکھنے کے اقدامات کی مخالفت کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی شہید کے نام پر اس روڈ کا نام رکھا جائے۔سنگھ نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے یہ کہتے ہوئے ان سے رابطہ کیا ہے کہ اگر سڑک کا نام تبدیل کیا جانا ہے تو اسے کسی شہید فوجی کے نام پر رکھا جانا چاہیے ۔واضح رہے کہ سریندر نیشنل سیکورٹی گارڈ(این ایس جی) کے سابق کمانڈو ہیں اور 26/11کے ممبئی دہشت گرد حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔نئی دہلی میونسپل کونسل(این ڈی ایم سی) کے رکن سنگھ نے کہا کہ وہ کل کونسل کی ہونے والی میٹنگ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال بھی این ڈی ایم سی کے رکن ہیں۔سنگھ نے کہاکہ ریس کورس روڈ کا نام کسی فوجی کے نام پر ہونا چاہیے۔میں تجویز دیتا ہوں کہ اسے 1965کی جنگ کے ہیرو رہے فلائٹ لیفٹیننٹ نرملجیت سنگھ سیکھوں کے نام پر رکھا جائے جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جان کی قربانی دے دی۔روڈ کا نام تبدیل کرنے میں آر ایس ایس کے نظریات نہیں نظر آنے چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ریس کورس روڈ پر فضائیہ کے دو اسٹیشن بھی ہیں۔دہلی کینٹ سے رکن اسمبلی نے کہاکہ میرے اسمبلی حلقہ کے کئی ریٹائرڈ فوجیوں نے مجھ سے رابطہ کیا، وہ چاہتے ہیں کہ سڑک کا نام کسی فوجی کے نام پر رکھا جائے۔قابل ذکرہے کہ بی جے پی ایم پی میناکشی لیکھی نے این ڈی ایم سی کے سامنے تجویز پیش کی ہے کہ ریس کورس روڈ کا نام ایکاتما مارگ رکھا جائے جو پارٹی کے مفکر رہے دین دیال اپادھیائے کے نظریات پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نام ریس کورس روڈہندوستانی ثقافت سے میل نہیں کھاتا ہے۔